صاحبزادہ فضل کریم
پاکستان کو امریکہ اور اس کے ایجنٹ
طالبان دونوں سے خطرہ ہے، عدالتیں
دہشت گردوں کے مقدمات کی روزانہ کی
بنیاد پر سماعت کریں اور دہشت گردوں کو
مینار پاکستان پر پھانسی دی جائے،
پاکستان کے مسائل کی جڑ امریکی
غلامی ہے ، امریکہ کے غلاموں کو بھگانا
اور نبی (ص) کے غلاموں کو اقتدار میں لانا
ہو گا ۔ صاحبزادہ فضل کریم
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے حال ہی میں ملک کے مختلف علاقوں میں مختلف عوامی اجتماعات، اخباری کانفرنسوں اور انٹرویوز میں کہا ہے کہ تبدیلی کی خواہش عوامی لہر میں تبدیل ہو چکی ہے اور خاندانی پارٹیاں بکھرنے والی ہیں کیونکہ قوم بار بار آزمائے ہوئے روایتی سیاست کاروں سے مزید زخم کھانے کے لیے تیار نہیں اور پوری قوم تبدیلی کے لیے یکسو نظر آتی ہے، پارٹی ’’مالکان‘‘ سیاسی پارٹیوں کو ذاتی فیکٹریوں اور جاگیروں کی طرح چلاتے ہیں، پڑھے لکھے نوجوان مافیائی سیاست کا زور توڑنے کے لیے میدان میں آئیں اور شخصی آمریتوں کے بت پاش پاش کر دیں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ جمہوریت کے نام پر سیاست کا ہول سیل کاروبار کرنے والے موروثیت معرکہ سیاست کاروں کی مفاداتی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے اور دولت کے ذریعے عوام کی گردنوں پر مسلط متکبر لیڈروں کی گردنوں سے سریے نکلنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے سیاسی فرعون تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب ملک میں عوامی انقلاب کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ امریکہ کے غلاموں کو بھگانا اور نبی (ص) کے غلاموں کو اقتدار میں لانا ہو گا تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد پورے ہو سکیں اور تحریک پاکستان کے قائدین کا خواب پورا ہو سکے، کنونشن سے ’’جانثار‘‘ کے چیئرمین حافظ زاہد رازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے انقلابی نوجوان نظام اور امام بدلنے کے لیے میدان میں اتر آئے ہیں، اب انقلاب کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نبی (ص) کے غلاموں کا قافلہ ہے جس میں ’’یا رسول اللہ‘‘ کہنے والے متحد ہیں۔ اتحاد اہلسنّت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انقلاب نظام مصطفی (ص) کی منزل قریب ہے
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حامی پاکستان کا دفاع نہیں کر سکتے، ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتہاپسندی اور دہشتگردی کی آگ میں جھونکنے والے ہرگز محب وطن نہیں ہو سکتے، پاکستان کے دفاع کو امریکہ اور اس کے ایجنٹ پاکستانی طالبان دونوں سے خطرہ ہے، پاکستان کے مسائل کی جڑ امریکی غلامی ہے، عوام دکھوں کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں اور حکمران سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ داروں نے سٹاک مارکیٹ سے ڈیڑھ کھرب نکال لیے ہیں، یہ وقت اتحاد کا ہے، پوائنٹ سکورنگ کا نہیں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو عوامی قوت سے روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صلیبی طاقتوں کی مزاحمت کے لیے ایمان کی حرارت والے متحد ہو جائیں۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ عدالتیں دہشت گردوں کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں اور دہشت گردوں کو مینار پاکستان پر پھانسی دی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ اب کرپشن اور کمیشن کی سیاست کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اہل حق سنی اتحاد کونسل کے انقلابی پلیٹ فارم پر متحد اور منظم ہو چکے ہیں، ہم انقلاب نظام مصطفی (ص) کے راستے کی ہر دیوار کو گرا دیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوری میں وکلاء، تاجروں، مزدوروں اور طلباء کے الگ الگ کنونشن منعقد کیے جائیں گے اور ملک گیر رابطہ عوام مہم چلائی جائے گی۔